لندن اولمپکس: افتتاحی تقریب کی تیاریاں مکمل

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption اولمپکس مشعل اب تک برطانیہ میں تقریباً آٹھ ہزار میل کا سفر طے کر چکی ہے

لندن میں جمعہ کو دو ہزار بارہ کے اولمپکس مقابلوں کا باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے جس کی افتتاحی تقریب کے لیے سات سال تیاری کی گئی ہے۔

ان اولمپکس میں دو سو چار ممالک کے دس ہزار سے زائد ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔

افتتاحی تقریب برطانوی وقت کے مطابق رات نو بجے یا پاکستانی وقت کے مطابق رات ایک بجے شروع ہوگی۔

لندن اولمپکس 2012: بی بی سی اردو کا خصوصی ضمیمہ

ایک اندازے کے مطابق تین گھنٹے جاری رہنے والے اس تقریب کو دنیا بھر میں ایک ارب افراد اپنے ٹی وی سیٹس پر دیکھیں گے۔

اس تقریب کا آغاز اولمپکس سٹیڈیم میں یورپ کی سب سے بڑی گھنٹی بجائے جانے سے ہوگا۔ افتتاحی تقریب کی تفصیلات صیغۂ راز میں رکھی جا رہی ہیں اور یہ بھی واضح نہیں کہ سٹیڈیم میں نصب مرکزی مشعل کو کس طرح جلے گی اور اسے کون روشن کرے گا۔

افتتاحی تقریب کو دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے اسّی ہزار افراد سٹیڈیم میں موجود ہوں گے جن میں عوام کے علاوہ ملکہ برطانیہ اور دیگر اہم شخصیات بھی شامل ہیں۔

اب تک سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق تقریب کے لیے اولمپکس سٹیڈیم ’برطانیہ کے دیہی علاقے‘ کا منظر پیش کرے گا۔ دس ہزار رضاکار سٹیڈیم کو دیہی علاقے کی شکل دینے کے لیے کام کریں گے اور اس منظر کشی کے لیے پالتو جانوروں کی مدد بھی لی جائے گی۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption اولمپکس سٹیڈیم ’برطانیہ کے دیہی علاقے‘ کا منظر پیش کرے گا

لندن اولمپکس کی افتتاحی تقریب پر ستائیس ملین پونڈ خرچ آئے گا اور تقریب کے ہدایتکار ڈینی بوئل کے مطابق اس کے افتتاحی منظر کو ’سرسبز اور خوشگوار‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ڈینی بوئل کا کہنا ہے کہ افتتاحی تقریب میں ’برطانوی عوام کی بطور قوم منظر کشی کی جائے گی‘۔

تقریب کے آخر میں کھیلوں میں شریک ایتھلیٹ مارچ پاسٹ کریں گے اور روایت کے مطابق سب سے پہلے یونان اور سب سے آخر میں میزبان ملک برطانیہ کا دستہ سٹیڈیم میں داخل ہوگا۔

اولمپکس دو ہزار بارہ کی مشعل کا ستّر روزہ سفر بھی جمعہ کی رات مشرقی لندن کے علاقے سٹریٹفرڈ میں واقع اولمپکس سٹیڈیم میں پہنچ کر ختم ہوگا۔

جمعرات کو اولمپکس کی مشعل کا لندن میں باقاعدہ سفر ہائیڈ پارک میں اختتام پذیر ہوا جسے دیکھنے کے لیے ساٹھ ہزار افراد پارک میں جمع تھے۔

اس موقع پر شعلے کو ایک ’کالڈرون‘ یعنی بڑی مشعل میں محفوظ کر لیا گیا۔ جمعہ کو سٹیڈیم لے جائے جانے سے قبل مشعل کو پہلے ہمپٹن کورٹ لایا گیا جس کے بعد اس نے دریائے ٹیمز میں سفر کیا ہے۔

اولمپکس مشعل نے برطانیہ میں تقریباً آٹھ ہزار میل کا سفر طے کیا ہے۔

اسی بارے میں